محبت اور رقابت کا ارتقاء-آخری حصہ

 


محبت اور رقابت کا ارتقاء-آخری حصہ
تحریر: ڈاکٹر محمد طارق
1. رقابت اور محبت کے ہارمونز۔
2. شادی کے ساتھ لڑکا لڑکی کے رویوں میں فرق۔
On the evolution of Love and Jealousy


پریگنینسی کیساتھ ساتھ ماں کے جسم میں prolactin ہارمون کی سطح بلند ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ ہارمون دودھ کے غدود کو متحرک کرنے کیلئے تو ضروری ہے ہی لیکن ساتھ ہی یہ ماں (اور باپ) کے رویے میں بھی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔ پریگنینسی ماں کی کیمسٹری کو تو براہ راست متاثر کرتی ہی ہے تاہم حاملہ بیوی کے جسم سے آنے والی خوشبو شوہر کے جسم میں بھی prolactin کی سطح بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔ اسی دوران اس کا testosterone لیول بھی کم ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے اس کے مزاج کی تندی اور جارحیت کم ہو جاتی ہے اور اپنی بیوی اور متوقع بچے کیلئے محبت اور شفقت پیدا ہوجاتی ہے۔ لاپروا اور لا ابالی 'لڑکا اور لڑکی' اچانک دیکھ بھال اور خیال رکھنے والے جوڑے میں بدل جاتے ہیں۔ ڈاکٹر Dick Swaab نے ہالینڈ کے ایک ہسپتال میں ایک مریض کے بارے میں رپورٹ کیا ہے جس کے pituitary گلینڈ میں ٹیومر کی وجہ سے prolactin کی مقدار بہت زیادہ بڑھ گئی تھی کہ یہ مریض اپنی بیماری اور تکلیف بھول کر سارا دن وارڈ میں دوسرے مریضوں کے بستر اور الماریاں ٹھیک کرتا رہتا تھا۔ وہ بستر یا الماری میں پڑی چیزوں میں بے ترتیبی دیکھتے ہی بے چین ہو جاتا تھا اور ٹھیک کرنے کیلئے فوراً اُٹھ جاتا تھا۔
اسی طرح ماؤں میں oxytocin ہارمون کی مقدار جنسی قربت اور پریگنینسی کے دوران ہی بڑھنا شروع ہوجاتی ہے۔ یہ ہارمون اضطراب اور بے چینی کو کم کرنے میں مؤثر ہے۔ اس ہارمون کو bonding ہارمون بھی کہتے ہیں کیونکہ پیدائش کے بعد بھی یہ ماں کو ایک لمبے عرصے تک بچے کیساتھ منسلک رکھتا ہے (اس لئے ماں کی نظر میں بچہ کبھی بڑا نہیں ہوتا)۔ زچگی کے وقت ماں کا oxytocin لیول بلند ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے اور وہ بچے کے رونے کی آواز سنتے ہی اس کیساتھ جڑ جاتی ہے۔ Cesarean section کے ذریعے ہونے والی پیدائش میں ماں کا oxytocin لیول بلند ترین سطح پر نہیں پہنچ پاتا چنانچہ ماں کا دماغ بچے کے رونے کی آواز سن کر کماحقہ ردعمل نہیں دیتا اور اسے بچے کیساتھ ایک ماں کی طرح منسلک ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔
مادہ بن مانسوں پر تجربے کے دوران جب انہیں oxytocin کو بلاک کرنے والا کیمیکل دیا گیا تو ان ماؤں نے بچوں کا پیچھا تو چھوڑ دیا لیکن ساتھ ہی ان کی جنسی دلچسپی بھی ماند پڑ گئی۔ یعنی oxytocin ذہنی طور پر بالغ (adult) لوگوں میں جنسی اور سماجی تعلقات اور رویوں کیلئے بھی اہم ہے۔ یہ ہارمون عورتوں میں مرد پر شک اور تجسس کی حس کا ذمہ دار بھی ہے اس لئے اسے Love Hormone بھی کہتے ہیں۔
مرد اور عورت کا دماغ oxytocin کیساتھ ساتھ ایک اور ہارمون بھی بناتا ہے جسے vasopressin کہتے ہیں۔ یہ ہارمون ماں باپ کے رویے میں وہ جارحیت لیکر آتا ہے جس کا مظاہرہ وہ اپنے بچے کو خطرے میں دیکھ کر کرتے ہیں (اور یہی وہ ہارمون ہے جو سوتیلے رویے کا باعث بنتا ہے)۔ اس ہارمون کو Pair-bonding ہارمون بھی کہتے ہیں کیونکہ یہی وہ ہارمون ہے جو مردوں کو دوسرے مردوں کیلئے معاندانہ رویے اور اپنی عورت پر نظر رکھنے پر اکساتا ہے۔ یہی مرد کے رویے میں شک اور تجسس پیدا کرتا ہے۔ چنانچہ جن مردوں کے vasopressin اور جن عورتوں کے oxytocin بنانے والے جین میں ایسی میوٹیشن ہو جس سے اس کی مقدار کم بنتی ہے، انہیں رقابت عام لوگوں کی نسبت کم محسوس ہوگی۔ لیکن ان کے ازدواجی تعلقات میں گرمجوشی بھی کم ہو گی اور وہ ایک دوسرے کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار کم ہوں گے۔
یک زوجیت کی علامت ہنس پرندے کے برعکس بے وفائی کیلئے مشہور انسان میں ولدیت کا دھوکہ ایک فیصد سے بھی کم ہے (ہنسوں میں 90 فیصد ہے!)۔ اس کا مطلب ریلیشنشیپ ایڈوائس دینے والے یہ لیتے ہیں کہ انسانوں میں 'بے وفائی' کم ہے اس لئے رقابت اور possessive ہونا غیر ضروری ہے۔ جبکہ ارتقائی نفسیات کے ماہرین سمجھتے ہیں کہ (مانع حمل طریقوں یعنی contraceptives کے علاوہ) اس شرح کے کم ہونے کی وجہ انسان کی رقابت اور possessiveness ہی ہے۔ جو جتنا اپنی محبت کیلئے فکر مند ہے اس میں رقابت کی آگ اتنی ہی زیادہ ہے۔ رقابت دراصل محبت کی یقین دہانی کا بالواسطہ اظہار ہے۔ لہٰذا رقابت کے جینز بقاء کی جنگ کیونکر جیت گئے، یہ سمجھنا اب شاید اتنا مشکل نہ ہو۔ رقابت اہم ہے۔
😊
پس نوشت: Oxytocin ہارمون سٹریس کم کرتا ہے۔ ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں کہ اگر بچے کا امتحان، انٹرویو یا presentation ہو تو ماں کی طرف سے حوصلہ افزا الفاظ سے اس کے جسم میں oxytocin کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور سٹریس کم ہو جاتا ہے۔ یہ الفاظ جپھی ڈال کر ادا کئے جائیں یا دور سے فون کال پر دونوں صورتوں میں کارگر ہیں۔
~ ختم شد پانچواں حصہ پڑھنے کے لیے یہ لنک دیکھیے! https://sciencekiduniyagroup.blogspot.com/2026/01/blog-post_15.html




Comments